لاہور (نیوزایجنسیاں ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نوازشریف اور آصف زرداری کی کرپشن کا سارا بوجھ عمران خان پر آگیا ہے ۔ لاہور میں جناح ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا آصف زرداری اور نوازشریف نے ملک کو بری طرح لوٹا ہے ، حکمران کرپشن سے پاک ہو تو اﷲ بھی مدد کو آتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جناح ایکسپریس نان سٹاپ ٹرین ہے ، یہ 15گھنٹے میں لاہور سے کراچی پہنچے گی، اس ٹرین میں وائی فائی کی سہولت بھی موجود ہے ۔ ایک سال میں40ٹرینوں کا ٹارگٹ پورا کریں گے ، مال گاڑیوں کی تعداد14کر دی گئی ہے ۔ غریب کی سواری کو عزت دینے پر وزیراعظم کا مشکور ہوں۔ ایک ماہ کے اندرسرسید ٹرین شروع کرنے والے ہیں۔ ریلوے کو ملک کے کونے کونے تک پہنچائیں گے ۔ ایم ایل ون ٹرین آنے سے لاہور سے کراچی کا سفر6سے 8گھنٹے ہوجائے گا۔ ماضی میں ریلوے کے نام پر ذاتی مفادات کیلئے رقم خرچ کی گئی۔ ماضی کی حکومتوں نے باتیں بہت اور کام کم کیا ہے ۔