کراچی( کامرس رپورٹر )اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد سیاسی درجہ حرارت بڑھنے کے باعث سٹاک مارکیٹ پیر کو شدیدمندی کی لپیٹ میں آگئی اور کاروباری ہفتے کے پہلے روز کے ایس ای100انڈیکس41ہزار کی نفسیاتی حد سے بھی گرتے ہوئے 960.28پوائنٹس کی کمی سے 40740.95پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا۔ سرمایہ کاروں کو ایک کھرب64ارب22کروڑ69لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس960.28پوائنٹس کی کمی سے 40740.95پوائنٹس پر بند ہوا۔مجموعی طور پر418کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 57کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 351میں کمی اور 10کمپنیو ں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔دریں اثناء انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں15پیسے کا اضافہ ہوا جس سے ڈالر کی قیمت خرید165.90روپے اور قیمت فروخت166.10روپے ہوگئی جب کہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید20پیسے کے اضافے سے 166روپے اور قیمت فروخت166.30روپے ہوگئی۔علاوہ ازیں عالمی منڈی میں سونے کے نرخوں میں اضافے کے باوجود مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت100روپے کمی سے 1لاکھ11ہزار300 اور دس گرام سونے کی قیمت86روپے کمی سے 95ہزار422روپے کی سطح پر رہی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت1150روپے کی سطح پر مستحکم ریکارڈ کی گئی۔