اسلام آباد(خبر نگار) سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے وکیل منیر ملک کی بیماری کے باوجود صدارتی ریفرنس کیخلاف پٹیشنز کی سماعت مقررہ تاریخ پر ہوگی۔منیر اے ملک کی طرف سے دو ہفتے کی التوا کی درخواست پر چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے واضح کیا کہ التوا کا اطلاق لارجر بنچ اور سپیشل بنچ پر نہیں ہوگا ۔صدارتی ریفرنس کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر پٹیشنز کی سماعت 24ستمبر دوپہر ایک بجے مقرر ہے ،جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دس رکنی فل کورٹ کیس کی سماعت کرے گا لیکن اس دوران درخواست گزار جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے وکیل دل کادورہ پڑنے کے باعث علیل ہوگئے ہیں اور انہوں نے دوہفتے کی التوا کی درخواست کی تھی۔چیف جسٹس نے التوا کی درخواست اس نوٹ کے ساتھ منظور کی ہے کہ اس التوا کا اطلاق لارجر بنچ اور سپیشل بنچ پر نہیں ہوگا۔چیف جسٹس کے نوٹ پر رجسٹرار آفس نے واضح کیا ہے کہ صدارتی ریفرنس کیخلاف دائر پٹیشن کی سما عت مقررہ تاریخ پر ہوگی۔