لاہور،سیالکوٹ ،حافظ آباد،دیر بالا (سپیشل رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹرز ، مانیٹرنگ ڈیسک،نامہ نگار )مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات کے دوران ایک ہی خاندان کے چار افراد سمیت 9افراد جاں بحق ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق سندر کے علاقہ ویسٹ وڈ کالونی کا رہائشی ارشدگھر سے کسی کام کے سلسلہ میں موٹر سائیکل پر نکلا ،ٹھوکر نیازبیگ چوک میں نامعلوم گاڑی نے اسے ٹکر مار دی اسے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسکی موت کی تصدیق کردی۔ متوفی6بچوں کا باپ تھا۔ سگیاں پل کے قریب رکشہ الٹنے سے 3 ،اقبال ٹائون مون مارکیٹ کے قریب دو موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرانے کے باعث پانچ افراد، ریس کورس کے علاقہ میں موٹر سائیکل سوار شاہد اور افتخار گاڑی کی ٹکر لگنے سے موٹر سائیکل سے گرکر زخمی ہوگئے ۔حافظ آباد بند روڈ پنڈی بھٹیاں پر مصعب رکشہ میں بیٹھ رہا تھا کہ پیچھے سے تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے ٹکر دے ماری جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔قصور میں پتو کی کے نز دیک طالبہ اوما ما جا رہی تھی کہ تیز رفتا ر کا ر نے ٹکر ما ر کر کچل دیا جس سے وہ مو قع پر ہی جا ں بحق ہو گئی ۔سیالکوٹ کا محنت کش محمد رمضان انصاری ٹرالے کی ٹکر سے جان کی بازی ہار گیا ۔ حویلی لکھامیں نہرکنارے تودہ گرنے سے 3بہن بھائی مٹی تلے دب گئے ،10سالہ بچی عصمت جاں بحق اور 2بھائی شدیدزخمی ہوگئے ۔ دیر بالا میں گاڑی سڑک کی خستہ حالی کے باعث سے گہری کھائی میں جاگری جسکے نتیجے میں چار افراد میاں زرین ،اسکی اہلیہ اور دیگر دو افراد موقع پر جاں بحق جبکہ چودہ افراد زخمی ہوگئے ۔ علاقہ مکینوں نے کئی سال سے سڑک کی خستہ حالی پر شدید احتجاج کیا ۔