نارنگ منڈی کالا خطائی نارووال روڈ پر وین اور بس میں تصادم کے نتیجہ میں ایک ہی خاندان کے 7افراد سمیت 13افراد زندہ جل گئے اور 30سے زائد زخمی ہو گئے۔ زیادہ ہلاکتیں وین میں نصب سلنڈر سے ہوئیں جو حادثہ کے نتیجہ میں پھٹ گیا اور آگ لگ گئی۔ مسافر گاڑیوں کے بیشتر حادثات میں ہلاکتیں کھٹارا گاڑیوں اور ان میں لگے غیر معیاری ،ناقص اور پرانے گیس سلنڈروں کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ جن میں عموماً حادثہ کے فوراً بعد آگ لگ جاتی ہے اومسافر لقمۂ اجل بن جاتے ہیں۔ بسا اوقات سلنڈر دوران سفر اچانک پھٹ جاتے ہیں جس سے کئی مسافروں کی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں۔ دنیا کے اکثر ممالک میں کسی مسافر گاڑی کو فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر اس کے اڈے یا ٹرمینل سے باہر نہیں آنے دیا جاتا لیکن ہمارے ہاں متعلقہ اتھارٹیز کی جانب اس قسم کا کوئی تردد نہیں کیا جاتا ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ویگن اور بس مسافر اڈوں پر تعینات سرکاری افسران ہر ماہ ان گاڑیوں کی چیکنگ کریں اور ایسی گاڑیوں کو ہرگز روٹ پرمٹ جاری نہ کیے جائیں جن میں غیر معیاری اور پرانے سلنڈر نصب کیے گئے ہوں۔ ایسی گاڑیوں کیخلاف بروقت کارروائی کر کے ان کے مالکان کو جرمانے کیے جائیں اور ہر مسافر گاڑی کو کلیئرنس سرٹیفکیٹس جاری کیے جائیں تا کہ غیر معیاری سلنڈروں کی وجہ سے پیش آنے والے حادثات کی روک تھام کی جا سکے جن کے باعث ہر سال ہزاروں لوگ اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں ۔