لاہور(نامہ نگار)حادثات کی روک تھام اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کیلئے سٹی ٹریفک پولیس کا بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے ۔اب بڑے ٹریفک حادثے کا بڑا مجرم بچ نہ پائے گا،سٹی ٹریفک پولیس خود بنے گی مدعی، مقدمہ چلایا جائے گا۔سی ٹی او لاہور کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک کی ہدایت پر ایس پی ٹریفک سٹی ڈویژن حماد رضا قریشی نے تمام سیکٹر انچارجز کو مراسلہ جاری کر دیا،مراسلہ کے مطابق بڑے ٹریفک حادثات میں مدعی کی جانب سے قانونی کاروائی نہ کروانے پر ملزم ڈرائیورز دوبارہ روڈ پر آکر حادثات کا باعث بنتے ہیں،جن کیسوں میں مدعی کاروائی نہیں کرئے گا اس میں سیکٹر انچارج خود مدعی بنے گا،تفصیلات کے مطابق شہر لاہور کی شاہراہوں /سڑکوں پر مہلک ٹریفک حادثات رونما ہورہے ہیں مگر اکثر حادثات میں مدعی کی جانب سے کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی جاتی جس کی وجہ سے ملزم قانونی کاروائی سے بچ جاتا ہے اور اِس سے ملزم کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے جبکہ ملزم کا دوبارہ سڑک پر آنا عوام الناس کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے ۔