اسلام آباد (خبر نگار) سرکاری ذمہ داریوں میں غفلت پر برطرف پاکستان ریلوے کے سابق انسپکٹر کو پنشن کی ادائیگی کاسروسز ٹربیونل کا فیصلہ سپریم کورٹ نے معطل کردیا ہے ۔چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سروسز ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت کی تو چیف جسٹس نے کہا شاہ محمد کو پہلے گریڈ 11 سے ترقی دیتے ہوئے گریڈ 16 میں لایا گیا اور پھر دوبارہ واپس گریڈ 11 پر لایا گیا، اس شخص کی نااہلی سے دو ٹرینیں ٹکرائیں جس سے 8 افراد جاں بحق ہوئے ، قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان ہوا۔ چیف جسٹس نے وکیل ریلوے کو مخاطب کرتے ہوئے استفسار کیا آپ کے ادارے نے اتنا بڑا ایکسیڈنٹ کرنے والے کو دوبارہ نوکری پر کیوں رکھا؟۔ چیف جسٹس نے ایک غیر ذمہ دار سرکاری اہلکار کو دوبارہ نوکری پر رکھنے پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا پتہ نہیں، ریلوے کا محکمہ کیسے چلتا ہے ، آپ کے ادارے نے ٹرین حادثے پر بڑے افسروں کے ساتھ کیاکیا؟ تاہم عدالتی استفسار پر وکیل ریلوے کوئی جواب نہ دے سکے ۔ دوران سماعت جسٹس قاضی محمد امین احمد نے ریمارکس دیئے ٹرین حادثہ میں ریلوے کے بڑے افسروں کے خلاف انکوائری کیوں نہیں کی گئی؟ یہ حادثہ نہیں ڈیزاسٹر تھا اس پر انکوائری متعلقہ وزیر اور ایم ڈی کے خلاف ہونی چاہیے تھی۔ واضح رہے کہ 2002میں کوئٹہ ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا تھا ، ٹرائل کورٹ سبی نے شاہ محمد سمیت تین افراد کو 14 سال قید اور ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا تھا اور بلوچستان ہائیکورٹ نے سزا کم کر کے پانچ سال کر دی تھی جبکہ سپریم کورٹ نے ملازمت پر بحالی کی درخواست مسترد کی تھی۔علاوہ ازیں جسٹس قاضی فائز عیسی ٰکیس 3ماہ بعد سماعت کے لئے مقرر کردیا گیا ہے ۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے نئی درخواست سپریم کورٹ میں جمع کرا دی،جسٹس قاضی فائزعیسی ٰنے درخواست میں استدعاکی ہے کہ سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان کے ججز کے خلاف بیان کو مرکزی درخواست اور ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے ،وزیر قانون نے 18 فروری کو انور منصور خان کے ججز کیخلاف بیان کی مخالفت کی نہ ہی اسے روکا،سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان اور وزیر قانون فروغ نسیم توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ، تمام حقائق کو ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے ۔جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 10رکنی لارجر بنچ 2 جون کو کیس کی سماعت کریگا ۔جبکہ امریکی صحافی ڈینئل پرل قتل کیس میں نامزد ملزمان کی بریت کے خلاف سندھ حکومت کی اپیلوں پر جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 3رکنی بنچ یکم جون کوسماعت کرے گا۔