لاہور(حافظ فیض احمد) ریلوے پو لیس حکام نے ریلوے یارڈ اور دیگر مقامات پر کھڑی پرانی مسافر کوچز اور ویگنوں سمیت ریلوے ورکشاپس سے میٹریل چوری روکنے کے لئے ماسٹر پلان تیار کر لیا جس کے تحت ایس ایس پی ریلوے پولیس مہر اقبال نے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی ہیں اور ان کو ریلوے تنصیبات میں کھڑی کوچز، بوگیوں سمیت ریلوے ورکشاپس میں میٹریل چوری کی روک تھام کے لئے گشت کرنے کی ہدایت کر دی ہے ، ورکشاپس کے اندر لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے ریلوے پولیس نے میٹریل چوری میں ملوث گروہ کے کوائف بھی حاصل کرنا شروع کر دیئے جبکہ لوہا مارکیٹ میں ریلوے کا چوری شدہ میٹریل خریدنے والے آڑھتیوں کے حوالے سے بھی چھان بین شروع کر دی گئی ہے ۔ریلوے ورکشاپس اوریارڈمیں میٹریل چوری کروانے میں ملوث افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے حکام نے مغل پورہ، ریلوے مال گودام ، کینٹ، والٹن سمیت بعض علاقوں میں کھڑی پرانی کوچز کی حفاظت کے لئے بھی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ریلوے پولیس لاہور ڈویژن نے دو روز قبل تین رکنی گینگ کو گرفتار کیا تھا جن کے قبضہ سے لاکھوں روپے کا چوری شدہ میٹریل برآمد کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔ ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں اہم انکشافات کئے ہیں جسکی روشنی میں دیگر ملزمان اور لوہا مارکیٹ مصری شاہ میں کام کرنے والے بعض افراد کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔لاہور کے علاوہ رائیونڈ،فیصل آباد، گوجرانوالہ، شاہدرہ، اوکاڑہ، ساہیوال ریلوے سٹیشنوں پر کھڑی بوگیوں کی حفاظت کے لئے بھی پلان تیار کیا ہے ،ڈیوٹی ختم ہو نے کے بعد ملازمین کی تلاشی یقینی بنانے کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ایس ایس پی ریلوے پولیس مہر اقبال نے روزنامہ 92نیوزکو بتایا ریلوے تنصیبات کے علاوہ مختلف مقامات اور یارڈ میں کھڑی کوچز کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے ، چوری میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔