لاہور(نیوز رپورٹر) ریلوے اکیڈمی والٹن لاہور میں ٹریننگ کے لئے آئے ہوئے محکمہ ریلوے و پاکستان ریلوے پولیس ملازمین کی سکیورٹی کے حوالے سے پاکستان ریلوے پولیس نے سخت انتظامات کئے ہیں۔ سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر ریلوے اکیڈمی والٹن کی باونڈری وال پر ریلوے پولیس کی نفری میں اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ریلوے اکیڈمی والٹن کے اندر مختلف مقامات پر ریلوے پولیس کی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں، داخلی اور خارجی راستوں پر ریلوے پولیس کمانڈوز کو تعینات کیا گیا ہے اور سول پارچات میں ملبوس ریلوے پولیس اہلکاروں کو بھی ڈیوٹی پر مامور کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ریلوے پولیس ٹریننگ سکول والٹن کی مسجد میں آنے والے نمازیوں کے لئے ریلوے پولیس کی جانب سے سپیشل کارڈز کا اجراء بھی کیا گیا ہے ۔ نمازیوں کے لئے مسجد میں داخل ہونے سے قبل بذریعہ سپیشل کارڈ اپنی شناخت کر انا بھی ضروری ہے ۔ ڈی آئی جی آپریشنز پاکستان ریلوے پولیس اظہر رشید خان کا کہنا ہے کہ ٹریننگ کے لئے آئے ہوئے ریلوے و ریلوے پولیس ملازمین کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔