سائوتھمپٹن (سپورٹس ڈیسک )ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو6 وکٹوں اور آسٹریلیا نے میزبان ٹیم انگلینڈ کو 12 رنز سے شکست دے دی۔اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں بھارت کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 39.2 اوورز میں 179 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور کولن ڈی گرینڈ ہوم نے ابتدائی 3 وکٹیں گرا کر بھارت کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کی کمر توڑ دی تھی۔بھارت کی جانب سے روندرا جدیجا نے مشکل وقت میں 54 رنز کی اننگز کھیلی اور نمایاں رہے ۔کیویز باؤلر بولٹ نے 4، نیشم نے 3 ٹم ساؤتھی، کولن ڈی گرینڈ ہوم اور لوکی فرگوسن نے ایک، ایک وکٹ لی۔جواب میں نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف 38ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔نیوزی لینڈ کے بلے باز روز ٹیلر 71 اور کپتان ولیمسن 67 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ مارٹن گپٹل 22، کولن منرو 4 رنز بنا سکے ، ہنری نیکولز 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔دوسری طرف ٓسٹریلیا نے بیٹنگ کا آغاز کیا جہاں اوپنر بلے باز ڈیوڈ وارنر 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔82 رنز پر اسٹیون اسمتھ میدان میں اترے اور انہوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 102 گیندوں پر 116 رنز بناکر حریف ٹیم کو پریشانی میں مبتلا کردیا۔آسٹریلیا نے مجموعی طور پر 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 297 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلینڈ کے تمام کھلاڑی محض آخری 3 گیندوں سے قبل 285 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔