فیصل آباد(نیوز رپورٹر) ریلوے حکام نے اپنی بہترین ٹرینوں میں ناشتے ، دوپہر اور رات کے کھانے کے ریٹ مقررکردئے ۔جناح ایکسپریس ، گرین لائن اورسرسید ایکسپریس ٹرین میں اے سی اوراکانومی کلاس کے مسافروں کو ناشتہ اوردوپہر ، رات کے کھانے مقررکردہ ریٹ اورمعیار کے مطابق ہی فراہم کئے جائیں گے ۔اس حوالے سے جاری کردہ مینو میں تحریرکیا گیا ہے کہ ناشتے میں تین سلائس بریڈ کی قیمت 15 روپے ، مکھن کی ٹکی (بلو بینڈ یا نور پور)15 روپے ، جام (مچلز یا نور پور)ٹکی پیک 10 روپے ، دو انڈوں کا آملیٹ 50 روپے ،ایک کپ چائے جس کے ساتھ چینی کا پیکٹ بھی دیا جائے گا 30 روپے ۔ناشتے کی مجموعی قیمت 120 روپے مقررکی گئی ہے ۔جبکہ ٹرینوں میں کھانے پینے کا سامان فراہم کرنے والے کنٹریکٹر کے ذمے ہوگا کہ ناشتے کی قیمت کے ساتھ 15 فیصد سروس چارجزوصول کرے اس طرح ٹرینوں کے مسافروں کے لئے ناشتے کی قیمت 140 روپے ہوگی ۔جبکہ دوپہر یا رات کے کھانے میں ایک پوری مرغی کا چوتھا حصہ 150 روپے کی قیمت میں فراہم کیا جائے گا۔اس کے ساتھ دوروغنی نان 40 روپے ، دال یا سبزی کی پلیٹ 40 روپے اور فریش سلاد ایلومینیم سے ڈھکی ہوئی چھوٹی پلاسٹک کی ٹرے 20 روپے میں 250 روپے فی کس کے مطابق فراہم کیا جائے گا ، کنٹریکٹر کے سروس چارجز شامل کرکے دوپہر یا رات کا کھانا 290 روپے فی کس کے حساب سے دیا جائے گاجبکہ ایک کمبل ، سفید رنگ کی سنگل بیڈ شیٹ اورتکیہ فراہم کرنے پر اے سی کلاس میں 110 روپے اور اکانومی کلاس کے لئے 80 روپے بیڈنگ چارجز کی مد میں وصول کئے جاسکیں گے ، منرل واٹر اکوافینا کی آدھے لٹر کی بوتل 25 روپے ، ڈیڑ ھ لٹر کی پانی کی بوتل 45 روپے ، پیپسی کولا 500 ملی لیٹر 40 روپے ، ڈیڑھ لٹر 85 روپے اور 300 ملی لیٹر کی بوتل 30 روپے کی فراہم کی جائے گی ۔اس کے علاوہ جنا ح ایکسپریس ،گرین لائن اورسرسید ایکسپریس ٹرین میں مسافروں کو تکیہ ، بیڈ شیٹ، کمبل ، ٹریولنگ کٹ ، شام کی چائے اور ریفریشمنٹ ، ائر فریشنر اورکیڑے مکوڑ ے مارنے والے پاؤڈر ، منرل واٹر ، کھانا اورصفائی کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی ۔