لاہور(وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت 90شاہراہ قائداعظم پر صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزراء ، تحریک انصاف اورق لیگ کے اراکین پنجاب اسمبلی نے شرکت کی۔اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے رواں سیشن کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی۔وزیراعلیٰ نے صوبائی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ویلیج پنچایت کے الیکشن مارچ میں متوقع ہیں ۔ویلیج پنچایت کے الیکشن غیر جماعتی بنیادوں پر ہوں گے جبکہ لوکل گورنمنٹس کے الیکشن دوسرے مرحلے میں ہوں گے جوجماعتی بنیادوں پر ہوں گے ۔وزیراعلیٰ نے لاہور کے شہریوں کیلئے میگاپراجیکٹس شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے مختلف مقامات اوورہیڈبریج بنائے جائیں گے جس سے شہریوں کو آمد ورفت میں سہولت ملے گی اورٹریفک نظام بہتر ہوگا،اسی طرح ایک ارب کی لاگت سے لاہور کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پیرول رولزکی تبدیلی سے 5 ہزار قیدیوں کو فائدہ پہنچے گا۔ ریسکیو 1122کے تحت موٹر بائیکس ایمبولینس سروس کا دائرہ کار اضلاع ،ماڈل بازاروں کا دائرہ کار تحصیل کی سطح تک بڑھائیں گے ۔ماڈل بازاروں میں کسان پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے ،جہاں کسان اپنی اجناس براہ راست فروخت کریں گے ۔ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی نئی سکیم کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ9ارب روپے کے قرضے نوجوانوں کو دیئے جائیں گے جسے وہ اپنا کاروبار شروع کرسکیں گے ۔پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ کا دائرہ کاردیگر شہرو ں تک پھیلایا جارہا ہے ۔سموگ پر قابو پانے کیلئے متعلقہ محکموں کو چوکس کیا گیاہے ۔گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کا مسئلہ جلد ہوجائے گا۔محکمہ ایکسائز کو نمبر پلیٹس کا مسئلہ حل کرنے کیلئے 14روزکا وقت دیا ہے ۔تجاوزات کے خلاف آپریشن بلاامتیاز جاری رہے گا۔اراکین اسمبلی اپنے علاقوں میں تجاوزات کی نشاندہی کرے ،فوری کارروائی ہوگی۔صوبے میں 9 بڑے ہسپتال بنائے جارہے ہیں جس سے 9 ہزار بیڈز کا اضافہ ہوگا۔ ’’نیا پاکستان منزلیں آسان‘‘منصوبے کے تحت دیہی سڑکوں کی تعمیر ومرمت کا پہلا مرحلہ دسمبر تک مکمل ہوجائے گا۔لینڈ ریکارڈکے 115سینٹرزاگلے ماہ کے آخر تک فنکشنل ہوجائیں گے ۔ ہماری حکومت10سپیشل اکنامک زونزپر کام کررہی ہے ۔6سپیشل اکنامک رونز منظور ہوچکے ہیں۔سابق ادوار میں صرف تین سپیشل اکنامک زونز بنائے گئے ۔سپیشل اکنامک زونز کے قیام سے 2لاکھ افراد کو روزگار ملے گا۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے پنجاب اسمبلی کے سیشن کے حوالے سے اراکین اسمبلی کو بریف کیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے اوکاڑہ میں مہلو شیخاں کے مقام پر دریائے ستلج میں کشتی الٹنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیااور انتظامیہ سے حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس ہواجس میں صوبے میں پاسچرائزڈ دودھ فروخت کرنے کے پروگرام کاجائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاسچرائزڈملک کے پراجیکٹ کا دائرہ کار بتدریج تمام علاقوں تک بڑھائیں گے ۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بتایاکہ ٹاؤن شپ میں پاسچرائزڈ ملک پائلٹ پراجیکٹ کے آغاز کے بعد کھلا دودھ فروخت نہیں ہوگا۔پاسچرائزڈ ملک پاؤچ پیک کی شیلف لائف 48گھنٹے ہوگی۔ عثمان بزدار