اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)وفاقی وزیر ریلویز اعظم خان سواتی نے کہاہے کہ پاکستان ریلوے کو خسارے سے نکالنے کے لئے ہر قسم کے اقدامات کر نا ہیں ،ریلویز حکام کو ہدایت کی کہ گھوسٹ ملازمین کے بارے میں معلومات فراہم کر یں تاکہ ان کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے ۔گزشتہ روز انہوں نے وزارت ریلوے میں ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی۔ جس میں سیکرٹری،چیئر مین ریلوے حبیب الرحمٰن گیلانی ، ایڈیشنل سیکرٹری عارف نواز بلوچ ،ممبر فنانس برکت میمن ،ڈی جی کوآرڈنیشن بریگیڈیئر (ر)امجد علی اور دیگر افسران شریک ہوئے ۔وزیر ریلویز اعظم خان سواتی نے کہا کہ چیئرمین ریلوے حبیب الرحمٰن گیلانی بڑی محنت اور لگن کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اے این ایف میں تھا وہاں آج تک وزیر اعظم نہیں گیا میں وزیر اعظم عمران خان کو وہاں لے کر گیااور انہوں نے میر ی کار کر دگی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی آمدن بڑھانے کے لئے کچھ ٹرینیں پبلک پرائیویٹ پارنٹرشپ پر دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے سکول اور ہسپتال بھی آئوٹ سورس کرنے جارہے ہیں۔ وزیرریلویزنے تمام ڈی ایس کو ہدایت جاری کر تے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے کی جہاں جہاں زمین پر قبضہ ہوا ہے وہ واگزار کرائیں،اگر پولیس فورس کی بھی ضرورت پڑے تو وہ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔