لاہور (انٹرویو :رانا محمد عظیم،محمد فاروق جوہری ) سعودی عرب میں رہ جانے والے عمرہ زائرین کو جلد از جلد پاکستان بھیجنے کے انتظامات کر رہے ہیں اور اس ضمن میں سعودی اور پاکستانی حکومت نہ صرف بھر پور تعاون کر رہی ہیں بلکہ جلد از جلد سپیشل فضائی آپریشن شروع کرنے کے حوالے سے کوشش کی جا رہی ہے ، کورونا کی موجودہ صورتحال میں جدہ ،مکہ اور مدینہ میں لاکھوں کی تعداد میں مقیم پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولت دے رہے ہیں، روزانہ ویڈیو لنک کے ذریعے پاکستانی کمیونٹی اور سعودی ذمہ داران سے بھی رابطوں میں ہیں ، ان خیالات کا اظہار جدہ میں پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید نے روزنامہ 92نیوز سے خصوصی گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان عمرہ زائرین کو سعودی حکومت کے خصوصی تعاون سے مکہ اور جدہ کے بہترین ہوٹلوں میں رکھا ہوا ہے ،بہترین کھانا اور صحت کی سہولیات دی جا رہی ہیں ، سعودی حکومت کے تعاون سے ڈاکٹرز کی ٹیم ان کو نہ صرف چیک کر رہی بلکہ میڈیسن تک دے رہی ہے اور اللہ کا شکر ہے کہ عمرہ زائرین میں سے کوئی شخص بھی کورونا سمیت کسی خوفناک بیماری کا شکار نہیں ہے ، یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ چالیس ہزار سے زائد پاکستانی عمرہ زائرین جو فلائٹ آپریشن بند ہونے کی وجہ سے رک گئے تھے انہیں دن رات کی محنت سے پی آئی اے اور سعودی ائیر لائن کے ذریعے پاکستان پہنچایا گیا اور اس میں سعودی حکومت نے بڑا اہم کردار ادا کیا اور پاکستانی حکومت نے بھی مثالی رول ادا کیا ، ان زائرین کو پاکستان پہنچانے کے حوالے سے پاکستانی قونصلیٹ کے عملے اور پی آئی اے سٹاف کئی راتیں ایک منٹ کیلئے بھی نہیں سوئے ،اس وقت بھی موجودہ صورتحال میں قونصل خانہ تو اپنا کام کر رہا ہے مگر پاکستانی کمیونٹی بھی بہترین کردار ادا کر رہی ہے ،مخیر پاکستانی وزیر اعظم کے کرونا فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ۔