لاہور (جنرل رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز اور عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے مقامی ہوٹل میں ڈسٹرکٹ سرویلینس کوآرڈینیٹر کیلئے تین روزہ ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ورکشاپ میں شرکاء کو روٹین امیونائزیشن کوریج بہتر بنانے کیلئے ٹریننگ دی گئی۔اس موقع پر ڈائریکٹر ای پی آئی پنجاب ڈاکٹر سعید اختر نے کہا کہ خفاظتی ٹیکے بچوں میں بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتی ہے ۔فیلڈ افسران کو چاہیے کہ والدین کو اپنے بچوں کو خفاظتی ٹیکوں کا کورس لازمی مکمل کرانے کیلئے آگہی فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ایسے اضلاع جہاں امیونائزیشن کوریج کم ہے وہاں زیادہ توجہ دی جا رہی ہے ۔ویکسینیشن کوریج بہتر بنانے کیلئے سرویلنس کو بہتر سے بہتر بنایا جا رہا ہے ۔ڈاکٹر سعید نے کہا کہ امیونائزیشن کوریج بہتر بنانے کیلئے عملہ کی استعداد کار بہتر بنانا انتہائی ضروری ہے اس مقصد کیلئے وقتا فوقتا ٹریننگ سیشن کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر ہارون جہانگیر کی ہدایت پر کیا گیا۔ٹریننگ شرکاء کو بیماریوں کی بروقت رپورٹنگ کرنے کیلئے نئے ٹولز سے آگاہ کیا گیا۔