اسلام آباد،لاہور (وقائع نگار خصوصی،کامرس رپورٹر) چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے کہاہے کہ آئین پاکستان کے تحت الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ ملک میں آزادانہ انتخابات کیلئے جمہوری اقدامات کرے جبکہ اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن نے مختلف اقدامات کئے ہیں۔گزشتہ روز الیکشن کمیشن میں قومی ووٹرز ڈے کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہم مسلسل یہ قومی دن منا رہے ہیں اسکا مقصد عوام میں ووٹ کا شعور اجاگر کرنا ہے ۔الیکشن کمیشن نے 2015ء میں سندھ اور بلوچستان میں حلقہ بندیوں کی ذمہ داری پوری کی۔2018ئمیں قلیل مدت میں حلقہ بندیوں کو ممکن بنایا۔2018ء کا انتخاب سنگ بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے ۔عام انتخابات کے فوری بعد قومی اور صوبائی48 نشستوں پر انتخابات کرائے ۔انتخابی عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو بروئے کار لاتے ہوئے اوورسیز کیلئے متعدد پراجیکس پر کام کیا ،اسکی تفصیل پارلیمنٹ کو بھجواچکے ہیں۔صدارتی انتخابات2018ء کا انعقاد ہوا۔دفتری امور میں بہتری کیلئے کئی شعبے بنائے گئے ۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح نے خطاب میں کہاکہ چیف الیکشن کمشنر کا آخری دن ہے اسلئے آج قومی ووٹر ڈے منایا جا رہا ہے جبکہ یہ سات دسمبر کو منایا جاتا ہے ۔ سردار محمد رضا نے ادارہ کیلئے بے پناہ خدمات سر انجام دی ہیں،2017ء ایکٹ منظور کیا جس سے الیکشن کرانے میں بہت مدد ملی۔ ادھرلاہور میں الیکشن کمیشن پنجاب کے زیر اہتمام صوبائی سطح پر قومی ووٹرز ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الیکشن کمشنر پنجاب ظفر اقبال حسین نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کیلئے صوبائی حکومت کیساتھ مسلسل رابطے میں ہیں ۔الیکشن کمیشن تیار ہے ،انتخابات کا وقت دینا صوبائی حکومت کا کام ہے ۔الیکشن کمیشن کا کام شفاف انتخابات کرانا ہے ۔خواتین کو قومی فریضہ سمجھ کر ووٹ کے اندراج اور کاسٹنگ میں بھر پور حصہ لینا چاہئے ۔ علاوہ ازیں صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع میں بھی قومی ووٹرز ڈے بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا۔ ضلعی الیکشن کمشنر کے زیر اہتمام سیمینار، آگاہی مارچ اور طلبا ء و طالبات کے مابین تقریری مقابلوں اور دیگر تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔