مظفر آباد(مانیٹر نگ ڈیسک، صباح نیوز ) تحریک انصاف کے امیدوار انوارالحق آزاد کشمیر اسمبلی کے اسپیکر اور ریاض گجر ڈپٹی اسپیکر منتخب ۔مظفرآباد میں آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں نومنتخب ممبران اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔ حلف اٹھانے والوں میں 6 خواتین بھی شامل ہیں۔ سابق اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔ مسلم کانفرنس کے سردار عتیق احمد خان اور پاکستان پیپلزپارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی حلف نہ اٹھا سکے ۔اجلاس میں تحریک انصاف کے چو دھری انوارالحق 32 ووٹ حاصل کرکے سپیکر منتخب ہوگئے ۔ اپوزیشن پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے مشترکہ امیدوار فیصل ممتاز راٹھور نے 15 ووٹ حاصل کئے ۔ ووٹنگ میں کل 49 اراکین نے حصہ لیا جن میں سے 2 ووٹ مسترد ہوئے ۔بعدازاں ڈپٹی سپیکر کیلئے ووٹنگ ہوئی تو تحریک انصاف کے امیدوار چو دھری ریاض 32 ووٹ حاصل کرکے ڈپٹی سپیکر منتخب ہوگئے ۔ اپوزیشن کی امیدوار نثاراں عباسی کو 15 ووٹ ملے ۔قانون سازاسمبلی کے کل ممبران کی تعداد 53 ہے جن میں سے 49 ممبران اسمبلی ووٹنگ کے وقت حاضر تھے ۔ جبکہ چار ممبران اسمبلی نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ سپیکر کی انتخاب کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں 2 ووٹ مسترد ہوئے ۔ چوہدری انوار الحق کی کامیابی کے بعد سبکدوش ہونے والے سپیکر شاہ غلام قادرنے ان سے حلف لیا۔ جس کے بعد چوہدری انوار الحق نے سابق سپیکر شاہ غلام قادر سے بطور ممبر اسمبلی حلف لیا اور بقیہ کارروائی کے لیے اجلاس کی صدارت کی۔سپیکر چوہدری انوار الحق نے ریاض احمد گجر سے ڈپٹی سپیکر کے عہدے کا حلف لیا۔ ادھر آزادکشمیر کے نئے وزیر اعظم کا انتخاب آج بدھ کے روز ہوگا۔آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کے لئے شیڈول جاری کردیا گیا،شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی آج بدھ کی صبح 9 بجے سے 11:30، تک جمع کرائے جاسکیں گے ۔کاغذات کی جانچ پڑتال بھی ،11:30 سے 12 بجے تک ہوگی اور ناموں کی فہرست فہرست 12بجے دن آویزاں کی جائے گی ۔کاغذات نامزدگی واپس لینے کا ٹائم 12 تا 1 بجے دن ہوگا اور حتمی فہرست ایک بجے دن لگائی جائے گی،اس کے بعد وزیراعظم کا انتخاب وزیراعظم 2 بجے ہوگا۔ تحریک انصاف نے وزیراعظم کیلئے اپنے امیدوار کا اعلان ابھی تک نہیں کیا ہے ۔