پشاور( عارف خان)قومی وطن پارٹی نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے 27اکتوبر کے مارچ کو آل پارٹیز کانفرنس میں ہونے والے معاہدے سمیت چودہ نکاتی ایجنڈے کے برعکس قرار دیتے ہوئے اس میں شرکت سے انکار کردیا ہے تاہم جے یو آئی کی جانب سے اے این پی کو آزادی مارچ میں شرکت کیلئے آمادہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہیں،قومی وطن پارٹی نے مذکورہ آزادی مارچ کو ایک پارٹی کی جانب سے اعلان کردہ مارچ قرار دیا ہے جس میں دیگر پارٹیوں سے مشاور ت کی گئی اور نہ ہی آل پارٹیز کانفرس کے فیصلوں کے مطابق ہے ۔ قومی وطن پارٹی کے سینئر رہنما ہاشم بابر سے رابطے کیا گیا توان کا کہنا تھا کہ کہ جے یو آئی کی جانب سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے مگر قومی وطن پارٹی نے مارچ میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔تاہم کیو ڈبلیو پی مڈ ٹرم الیکشن کی حامی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ مڈ ٹرم انتخابات کرائے جائیں جہاں تک مارچ کی بات ہے تو ہماری دعائیں اور اخلاقی حمایت جے یو آئی کے ساتھ ہے اگر مہمان کی حیثیت میں پارٹی کے سربراہ کو دعوت دی جا تی ہے تو اس کا فیصلہ پارٹی اجلاس میں کیا جائے گا۔