کوئٹہ ( نیوزایجنسیاں )بلوچستان کے علاقہ ہزار گنجی میں خودکش دھماکے کیخلاف ہزارہ قبیلے کا تیسرے روز بھی دھرنا جاری رہا۔ دھرنے میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے ۔پولیس اور ایف سی اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے موجود ہے جبکہ دھرنے کی وجہ سے کوئٹہ کا مغربی بائی پاس بند ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے ۔ ادھر سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ خودکش حملہ آور کے جسمانی اعضاڈی این اے ٹیسٹ کے لئے بھجوائے گئے ہیں ۔ حکام کے مطابق خود کش حملہ آور کی شناخت کیلئے نادرا سے بھی مدد لی جارہی ہے ۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے ہزار گنجی میں کرائم سین کی جیو فینسنگ بھی کی جائے گی۔یاد رہے جمعہ کو ہزار گنجی کی سبزی منڈی میں خود کش دھماکے میں ایک ایف سی اہلکار اور دو بچوں سمیت 20 افراد جاں بحق ہوگئے تھے ۔