لاہور،کراچی، سیالکوٹ(نامہ نگار، سٹاف رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر) پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور اب تک 50پروازوں کے ذریعے 15ہزار حجاج کرام کو وطن واپس پہنچایا جا چکا ہے ۔پی آئی اے جدہ اور مدینہ منورہ سے کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ ، ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ کیلئے حج پروازیں چلارہی ہے ۔ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بھی سرکاری اور پرائیویٹ حج سکیم کے تحت حجاج کرام کی حجاز مقدس سے واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔سیالکوٹ کیلئے پہلی بعد ازحج پرواز PK746 بدھ کو رات گئے 307 حجاج کرام کو لے کر سیالکوٹ پہنچ گئی۔ ایئر پورٹ پر سیال کمیٹی کے چیئرمین محمد حنیف خان، صدر سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت خواجہ مسعود اختر، جنرل منیجر سیال بریگیڈئر (ر) محمد نواز، ایئرپورٹ منیجر نثار احمد، پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ منیجر محمد عارف اور سٹیشن منیجر طارق گلزار نے حجاج کرام کا استقبال کیا ، ان کو پھولوں کے ہار پہنائے اور حج کی سعادت حاصل مزنے پر مبارکباد پیش کی ۔اس موقع پر سینئر سکیورٹی آفیسر پی آئی اے مقصود حسین ، شفٹ انچارج انیلہ سلیم بٹ ، عظمیٰ رحمٰن ، آپریشن آفیسر ایئرپورٹس سکیورٹی فورس رضوان ملک، منیجر ایئرپورٹ ہینڈلنگ سروسز طارق محمود، منیجر تعلقات عامہ عبدالشکور مرزا، اسسٹنٹ منیجر کسٹمر سروسز عدنان حمید خلیل اور وزارت حج کے افسر بھی موجود تھے ۔ حجاج کرام نے حکومت پاکستان اور حکومت سعودی عرب کی طرف سے حج کے مثالی اقدامات کرنے پر شکر یہ ادا کیا جبکہ پی آئی اے کی طرف سے بہترین سفری سہولتیں فراہم کرنے اور سیالکوٹ ایئرپورٹ انتظامیہ کی طرف سے شایان شان استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ پی آئی اے کا بعد ازحج آپریشن 14 ستمبرکو اختتام پذیر ہو گا۔