لاہور(سپورٹس رپورٹر)ملک میں ریجنل سپورٹس کو فروغ دینے کے نام پر مختلف اداروں کی ٹیموں میں کھیلنے والے مختلف کھیلوں کے ہزاروں کھلاڑیوں کے روز گار پر تلوار لٹکنے لگی۔ریجنل سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لیے حکومت کا انوکھا اقدام ملک کے اہم اداروں کو فنڈز ریجنل سپورٹس پر خرچ کرنے کی ہدایت کردی گئی۔ اداروں کو مختلف کھیلوں میں اپنی ٹیموں پر فنڈز خرچ کرنے سے روک دیا گیا۔ وفاقی وزارت بین الصوبائی رابطہ کے سیکرٹری جی جانب سے اداروں کو اپنی ٹیموں کی بجائے ریجنز کو فنڈز دینے کی ہدایت کردی گئی۔وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں وفاقی حکومت کی جانب سے پی آئی اے ، واپڈا ، ایچ ای سی ، ریلویز, نیشنل بنک کے علاوہ پنجاب،سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے آئی جیز کو بھی خط لکھ دئیے گئے ہیں کہ وہ ٹیموں کو مالی سپورٹ کرنے کی بجائے ریجنل ٹیموں کو سپورٹ کریں۔ حکومت کے اس فیصلے کے بعد مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کے بڑے پیمانے پر بے روزگار ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔