راولپنڈی، اسلام آباد،لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوزایجنسیاں )آزاد کشمیر انتخابات کے دوران ڈیوٹی پر مامور پاک فوج کی گاڑی کو حادثہ پیش آنے سے 4جوان شہید اور 3زخمی ہوگئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لسوا میں موڑ کاٹتے ہوئے پاک فوج کی گاڑی نالے میں جا گری۔حادثے میں تین سپاہی اور ایک سول ڈرائیور زخمی بھی ہوئے ،زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے پاک فوج کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا حادثہ میں پاک فوج کے جوانوں کی شہادت ملک و قوم کیلئے بڑا سانحہ ہے ، ملک میں امن و امان کے قیام کیلئے پاک فوج کے جوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ دعا ہے اﷲ تعالی شہدا کے خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعا کی۔صدرمسلم لیگ ن شہبازشریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا پاک فوج کی کوئیک رسپانس فورس کی گاڑی کے کھائی میں گرنے کے حادثے میں 4 اہلکاروں کی شہادت اور ڈرائیور دیگر کے زخمی ہونے پر بے حد افسوس ہے ، متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار اور شہدا کے درجات کی بلندی، اہلخانہ کیلئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہیں۔