اسلام آباد(سپیشل رپورٹر )وزیر اعظم عمران خان 5 فروری کو کوٹلی لائن آف کنٹرول کا دورہ کریں گے اور وہاں پر ایک جلسہ عام سے خطاب بھی کریں گے ۔اس بات کا اعلان وزیر اعظم نے تحریک انصاف کے مرکزی چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی اورآزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سلطان محمود سے ملاقات میں کیا۔اس موقع پروزیر اعظم نے آزاد کشمیر میں دوسری جماعتوں سے بااصول اور با کردار لوگوں کی پارٹی میں شمولیت کی ہدایت کر دی جبکہ آزاد کشمیر کے لئے ہاؤسنگ پروگرام کے سنگ بنیاد کی تقریب عنقریب وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہو گی۔عمران خان نے دونوں رہنماؤں سے کہا کہ وہ انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک واضح حکمت عملی تیار کریں تاکہ مقبوضہ کشمیرمیں ایک اچھا پیغام دیاجاسکے ۔علاوہ ازیں وزیر اعظم کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر سال 2014ء کی ایک پرانی تصویر شیئر کی گئی جس میں وہ ایک کلاس روم میں بچوں کے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں۔