اسلام آباد(نامہ نگار،نیٹ نیوز،این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک) نیب نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری،قائد ن لیگ اور سابق وزیر اعظم نواز شریف اورپی پی رہنما و سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت 5 ملزمان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس دائر کردیا۔۔نیب نے چئیرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کے دستخط کے بعداحتساب عدالت اسلام آباد میں توشہ خانہ ریفرنس دائر کیا۔ ریفرنس میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی اور اومنی گروپ کے سی ای او انور مجید اوران کے بیٹے عبدالغنی مجید کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ۔ریفرنس میں موقف اختیار کیا گیا کہ آصف زرداری اور نواز شریف نے یوسف رضا گیلانی سے غیر قانونی طور پر گاڑیاں حاصل کیں، ملزمان نیب آرڈیننس کی سیکشن نائن اے کی ذیلی دفعہ 2، 4، 7 اور 12 کے تحت کرپشن کے مرتکب ہوئے ، ملزمان کا قانون کے مطابق ٹرائل کر کے سخت سزا سنائی جائے ۔ریفرنس میں آصف زرداری پر الزام عائد کیا گیا کہ انہیں بطور صدر لیبیا اور یو اے ای سے گاڑیاں تحفے میں ملیں، یوسف رضا گیلانی جب وزیر اعظم تھے تو انھوں نے قوانین میں نرمی پیدا کر کے سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کو توشہ خانے سے گاڑیاں خریدنے کی اجازت دی۔ آصف زرداری نے بطور صدر متحدہ عرب امارات سے تحفے میں ملنے والی آرمڈ کار بی ایم ڈبلیو 750 ،Li‘ 2005، لیگزس جیپ 2007 اور لیبیا سے تحفے ملنے والی بی ایم ڈبلیو 760 Li 2008 توشہ خانہ سے خریدیں۔ آصف زرداری نے گاڑیاں توشہ خانہ میں جمع کرانے کے بجائے خود استعمال کیں اور گاڑیوں کی صرف 15 فیصد ادائیگی انور مجید اور عبدالغنی مجید کے ذریعے کی۔ انور مجید نے انصاری شوگر ملز کے اکاؤنٹس کا استعمال کر کے 2 کروڑ سے زائد کی غیر قانونی ٹرانزیکشنز کیں، ملزم نے آصف زرداری کے اکاؤنٹس میں بھی 9.2 ملین روپے ٹرانسفر کئے ،عبدالغنی مجید نے 37 ملین روپے کسٹم کلیکٹر اسلام آباد کو ٹرانسفر کئے ۔نیب نے ریفرنس میں قائد ن لیگ پر الزام عائد کیاکہ نواز شریف 2008 میں کسی بھی عہدے پر نہیں تھے ، انہیں2008 میں بغیر کوئی درخواست دیئے توشہ خانے سے گاڑی دی گئی۔این این آئی کے مطابق سابق صدر نے جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے توشہ خانہ کی گاڑی کی امپورٹ ڈیوٹی اور ٹیکسز ادا کئے ، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ملزم آصف زرداری کو غیر قانونی فائدہ پہنچایا،سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی غیر قانونی طریقے سے معمولی رقم کے عوض گاڑیاں سابق صدر کو واپس دلائیں۔ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی پر 2004 میں سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں بنائی جانے والی پالیسی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے ، نیب نے اس سے پہلے بھی تینوں ملزمان کے خلاف متعدد ریفرنسز بنا رکھے ہیں۔ادھر نیب نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن پر پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق چیئرمین بی آئی ایس پی فرزانہ رجہ سمیت 19افراد کیخلاف ریفرنس دائرکردیا۔فرزانہ راجہ اور دیگر افراد پرانکم سپورٹ پروگرام کو ایک ارب 46کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے ۔بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مبینہ کرپشن کے خلاف بتیس والیم پرمشتمل ریفرنس میں انیس ملزمان کو فریق بنایا گیا ۔ ریفرنس سکروٹنی کیلئے رجسٹرار آفس بھجوا دیا گیا ۔