لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )گروپ ایڈیٹر روزنامہ 92نیوز ارشاد احمد عارف نے کہا ہے کہ یہ جو کیس اس وقت چل رہا ہے جس میں آصف زرداری اور فریال تالپور گرفتار ہوئے ہیں ،یہ مقدمہ نوازشریف کے دور میں 2016میں بنا،یہ بات چودھری نثار نے ہی کہی تھی کہ ایان علی اور بلاول بھٹو کا خرچہ ایک ہی اکائونٹ سے جارہا تھا،اس وقت نہ تو 18ویں ترمیم کا ایشو تھا ، نہ کوئی انسانی حقوق کا ایشو تھا ۔پروگرام کراس ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ بات ٹھیک ہے کہ اس وقت اپوزیشن کیلئے سروائیول کا ایشو بن گیا۔انہوں نے کہا حکومت کا رویہ بھی سمجھ نہیں آرہا کیونکہ حکومت کوئی بھی ہو، وہ ملک میں استحکام چاہتی ہے ،وہ سیاسی استحکام بھی چاہتی ہے اور معاشی استحکام بھی چاہتی ہے ،کوشش یہ ہوتی ہے کہ ہماری مخالفت کم سے کم ہو اور اپوزیشن کم سے کم متحد ہو،اپوزیشن میں تفریق رہنی چاہئے ،حکومت کی للکارنے والی پالیسی ایک دفعہ ذوالفقار بھٹو نے بھی اختیار کی تھی اور اس کا جو انجام ہوا ،وہ بھٹو خاندان کو یاد ہے ،جو کام ذوالفقار بھٹو کررہے تھے ،وہی کام اب عمران خان کررہے ہیں ۔ن لیگ کے رہنما ملک احمد خان نے کہا پہلی ملاقات بلاول بھٹو نے نوازشریف سے جیل میں کی،دوسری ملاقات افطار دنر پر مریم نواز اور بلاول بھٹو کی ہوئی،ابھی اس حکومت کو بنے ہوئے 10 ماہ ہوگئے ہیں،اپوزیشن چاہتی تھی کہ اس حکومت کو وقت ملے ۔سینئر صحافی سلیم صافی نے کہا مریم نواز اور بلاول بھٹو کی جو ملاقات ہورہی ہے ، یہ تو ایک ملک کی دو سیاسی جماعتیں ہیں جو اپنے آپ بچانے کیلئے اکٹھی ہورہی ہیں ، جب کسی دوملکوں کو بھی نقصان کا اندیشہ ہو تو ایک پلیٹ فارم پر آجاتے ہیں اور اکٹھے ہوجاتے ہیں ،حکومت مخالفین کی توقعات اور خدشات سے بھی بڑھ کر ناکام ہورہی ہے ،ملکی معیشت بھی یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ اب اگر سیاسی جماعتیں آگے بڑھ کر عوام کے جذبات اور احساسات کی ترجمانی نہ کریں تو پیپلز پارٹی اور ن لیگ عوام سے دور ہوجائینگی۔پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑ و نے کہا ن لیگ اور پیپلز پارٹی الیکشن پر یقین رکھتی ہیں ،عمران خان اور تحریک انصاف پر مجھے افسوس ہے کہ 2002کے الیکشن ایک جنرل کرا رہا تھا اس کو تو وہ اچھا سمجھ رہے تھے ،جب 2008میں الیکشن ہونے والے تھے تو عمران خان میدان چھوڑ کر کہیں چھپ کر بیٹھ گئے اور الیکشن کا بائیکاٹ کردیا۔کرکٹ ایکسپرٹ مرزا اقبال بیگ نے کہا اطلاعات ہیں کہ برطانیہ میں بارش ہورہی ہے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ پاک بھارت میچ میں پچاس اوورز کا میچ نہ ہوسکے ،بارش کی وجہ سے وکٹ کو ڈھانپ دیا گیا اور وکٹ میں نمی بہت زیادہ ہے ،ابتدائی اوورز میں یہ وکٹ فاسٹ بالرز کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگی۔