اسلام آباد ،کراچی(وقائع نگار خصوصی، سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک )نیب راولپنڈی نے آصف زرداری اوربلاول زرداری کو 13دسمبر کوطلب کرلیاہے ۔ ترجمان نیب نے دونوں باپ ،بیٹے کی طلبی کی تصدیق کر دی ۔ ذرائع کاکہناہے بلاول کو نجی کمپنی پار ک لین کے شیئر ہولڈر کی حیثیت میں طلب کیا گیا ہے ۔ پیپلز پارٹی کے ترجمان فرحت اﷲ بابر نے بھی نوٹس وصول ہونے کی تصدیق کر دی ۔ انہوں نے کہا نوٹس میں پیش ہونے کے علاوہ اورکچھ نہیں کہاگیا، ایسے ہتھکنڈوں سے بلاول کی عوام کے دلوں میں عزت ختم نہیں ہوسکتی۔ ذرائع کاکہناہے بلاول نیب کے سامنے پیش نہیں ہوں گے ، ان کی جگہ فاروق ایچ نائیک کے پیش ہونے کا امکان ہے ۔ علاوہ ازیں نیب نے زرداری،انورمجید اورزین ملک کے خلاف پلاٹ خریداری میں بدعنوانی کی شکایت پرتحقیقات شروع کردی، ابتدائی تحقیقات میں الزام ثابت ہونے پرحتمی تحقیقات اورریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا،سابق صدراورساتھیوں پرکلفٹن میں واقع پلاٹ کی خریداری میں فروخت کنندہ کورقم ادا نہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے زرداری کے خلاف ایک شہری کی درخواست پرنیب تحقیقات کررہا ہے جس میں الزام عائد کیا گیا ہے 2014 میں آصف زرداری نے کلفٹن بلاک 5 میں پلاٹ نمبر 103 سروے نمبر 15 کے مالکان سے پلاٹ کی خریداری کے لیے زبردستی معاہدہ کیا اور80 کروڑ روپے مالیت کا پلاٹ 40 کروڑروپے میں خریدا اور بعدازاں فروخت کنندہ کومعاہدے کے مطابق پوری رقم ادا کرنے کی بجائے صرف 20 کروڑ روپے ادا کیے گئے اورپلاٹ سابق صدرکے قریبی دوست انور مجید کے نام منتقل کرادیا گیا۔نیب ذرائع کے مطابق مذکورہ پلاٹ سکینڈل کی تحقیقات میں انورمجید، زین ملک کو بھی شامل تفتیش کرلیا گیا جبکہ متاثرہ افراد نے اس سلسلے میں مقامی عدالت سے بھی رجوع کررکھا ہے اور جوڈیشل مجسٹریٹ شاہ رخ شاہنواز کے سامنے 164 کا بیان بھی قلمبند کرایا گیا۔نیب ذرائع کے مطابق خریدو فروخت کے دوران اومنی گروپ کی کمپنی عمر ایسوسی ایٹ، اے ون انٹرنیشنل اور اقبال میٹلز کے اکاؤنٹس استعمال کیے گئے اورنیب کی جانب سے نوٹسز بھیجنے کے باوجود آصف زرداری، انور مجید اور زین ملک تحقیقات کے لیے پیش نہیں ہوئے ۔ نیب کی جانب سے تحقیقات کے بعد ریفرنس دائرکیے جانے کا بھی امکان ہے ۔ زرداری، بلاول طلب