اسلام آباد،لاہور،کراچی(نامہ نگار،نامہ نگار خصوصی،نیوز ایجنسیاں،سٹاف رپورٹر) نیب کے گواہ عمران ظفر نے توشہ خانہ ریفرنس میں آصف زرداری سے متعلق اصل دستاویزاحتساب عدالت اسلام آباد میں پیش کر دی۔ جمعرات کوسابق صدر آصف زرداری اور سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت جج اصغر علی نے کی ، یوسف رضا گیلانی پیش ہوئے جبکہ آصف زرداری اور انور مجید نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکردی۔آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے کہانیب نے آخری سماعت کو ہمیں نہیں بتایا کہ گواہ پیش کریں گے لہذٰا گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں، جرح اگلی سماعت میں کریں گے ۔نیب کے پہلے گواہ عمران ظفر نے توشہ خانہ سے حاصل کی گئی تینوں گاڑیوں کی رجسٹریشن کا ریکارڈ پیش کر دیااوربیان قلمبند کرایا ۔انہوں نے بتایا جس وقت ریکارڈ فراہم کیا اس وقت الیکشن کمیشن میں بطور ڈپٹی ڈائریکٹر ذمہ داریاں سر انجام دے رہا تھا،نیب کے خط پر 12 فروری 2019کو ریکارڈ لے کر نیب تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہوااور آصف زرداری کے کاغذات نامزدگی برائے صدارتی امیدوار اور اثاثوں سے متعلق دستاویز فراہم کی۔یوسف رضا گیلانی کے وکیل نے مستقل استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ کرنے کی استدعا کی تو عدالت نے کہا فی الحال اس پر فیصلہ نہیں کر سکتے ، مستقل استثنیٰ دیدیا جائے تو ملزم کا وکیل بھی غائب ہو جاتا ہے ، عدالت نے نیب کے دوسرے گواہ کو بیان قلمبند کرنے کیلئے طلب کرکے سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کردی۔ احتساب عدالت لاہور کے جج امجد نذیر چودھری نے شہباز شریف اور دیگر ملزمان کے خلاف آشیانہ ریفرنس میں نیب کے ایک اور گواہ کا مکمل بیان قلمبند کر لیا،عدالت نے آئندہ سماعت پر دیگر گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کردی۔احتساب عدالت اسلام آباد نے ریلوے اراضی کو غیر قانونی طور پر لیز پر دینے کے خلاف ملائشین باشندوں انور بن آدم اور آلدیلان بن آدم کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیئے ۔ حتساب عدالت کراچی نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی و دیگر کے خلاف پی ایس میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس کی سماعت 12اکتوبرتک ملتوی کردی۔احتساب عدالت اسلام آبادمیں جعلی اکاؤنٹس کے پنک ریذیڈنسی ریفرنس میں دو شریک ملزمان علی گل اور قربان علی نے بھی بریت کی درخواستیں دائر کردیں،عبدالغنی مجید سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی،مزید سماعت 28ستمبرکوہوگی۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمدبشیرکی رخصت کے باعث سابق سیکرٹری بجلی و ہانی شاہد رفیع وغیرہ کے خلاف کارکے ریفرنس کی سماعت23 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ۔