اسلام آباد ( آن لائن )وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ زرداری اور شریف خاندان نے سیاسی جماعت کو بھی اپنے دھندے کے لئے استعمال کیا،پارٹیز کو فرنٹ کمپنی بنایا جہاں کرپشن کک بیکس کا پیسہ آتا اور منی لانڈرنگ ہوتی رہی، قیادت تو سند یافتہ چور اور نا اہل ہوگئی، جماعتیں بھی نا اہل ہونے جا رہی ہیں ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ستمبر میں فیصلہ آیا کہ (ن) لیگ اور پی پی نے فارن فنڈنگ کا ریکارڈ اور رسیدیں نہیں دکھائیں،الیکشن کمیشن نے 6 ہفتوں کا وقت دیا لیکن وہ ڈیڈ لائن بھی گزر گئی رسیدیں نہیں آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ قوم اب ان جماعتوں سے چند سوال کا جواب چاہتی ہے ،پیپلز پارٹی نے ابھی تک فارن فنڈنگ اور ممنوعہ فنڈنگ نہ لینے کا سرٹیفیکٹ کیوں نہیں دیا ،(ن) لیگ نے آڈٹ ،ریکارڈ ،رسیدیں نہ جمع کرنے کے علاوہ اثاثے کیوں چھپائے ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کمیشن منی لانڈرنگ کے دھندے میں قیادت نے سیاسی جماعت کو بھی شامل کیا لہذا رسیدیں ہیں نہیں تو الیکشن کمیشن سے این آر او مانگنے کے لئے ڈرامہ ہے ۔