کراچی (سٹاف رپورٹر) بینکنگ کورٹ نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اورفریال تالپور اوردیگرملزمان کی عبوری ضمانت میں 23 جنوری تک مزید توسیع کردی۔پیرکو سابق صدر آصف زرداری،فریال تالپور اوردیگرملزمان عدالت میں پیش ہوئے ،جیل حکام نے حسین لوائی کو عدالت پہنچایا جبکہ انورمجید کو پیش نہیں کیا گیا،عدالت کو بتایا گیا کہ انورمجید کو بیماری کے باعث پیش نہیں کیا جاسکتا،لانڈھی جیل انتظامیہ نے انکی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی جسے عدالت نے ریکارڈ کا حصہ بنالیا،آصف زرداری اورفریال تالپورکے وکیل نے کہا کہ ایف آئی اے کو حتمی چالان جمع کرانیکا حکم دیا جائے ،عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کارروائی سے روکا ہوا ہے ،عدالت عظمیٰ کی اجازت کے بغیرمزید کارروائی نہیں کرسکتے ،عدالت نے آصف زرداری اورفریال تالپورکی عبوری ضمانت قبل ازگرفتاری میں 23 جنوری تک توسیع کردی،ایف آئی اے پراسیکیوٹربختیارچنہ نے عدالت کے باہردھکم پیل کی شکایت کی اورکہا کہ اس صورتحال میں کیس کیسے چلاسکتا ہوں،دھکم پیل اوررش کے باعث سکیورٹی مسائل بھی پیدا ہورہے ہیں،عدالت کے باہر رینجرز تعینات کی جائے ۔قبل ازیں آصف زرداری اورفریال تالپورکے عدالت پہنچنے پرشدید بدنظمی دیکھنے میں آئی،جیالوں نے اندرجانیکی کوشش کی تو سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں روکا جس پرتلخ کلامی ہوتی رہی تاہم فریال تالپورکو دیکھتے ہی جیالے آپے سے باہرہوگئے اورسکیورٹی اہلکاروں کو دھکے دیتے ہوئے عدالت میں داخل ہوگئے ۔