اسلام آباد،لاہور (نامہ نگار،صباح نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک،نامہ نگار خصوصی) احتساب عدالت اسلام آباد نمبر دو کے جج اعظم خان نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی جانب سے جعلی اکائونٹس کیس کے تین ریفرنسز سے بری کرنے کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے تینوں مقدمات میں ان پر فرد جرم عائد کرنے کا حکم دیدیا۔عدالت نے 17ستمبر کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے قراردیا آصف زرداری کو اس مرحلہ پر پارک لین ، میگا منی لانڈرنگ اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی سکیم کے ٹھیکوں کے ریفرنسز میں بری نہیں کیا جاسکتا اور ان کے خلاف مقدمات چلیں گے ۔ عدالت نے آصف زرداری سمیت تمام ملزمان کو28ستمبر کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے طلب کر کے حاضری یقینی بنانے کا حکم دیدیا ۔نیب نے احتساب عدالت میں محکمہ ایری گیشن میں مبینہ کرپشن کے چار ملزمان یعقوب ،غلام علی ،اصغر علی اورذکا اللہ بھٹی کے خلاف 6 کروڑ کا ریفرنس دائر کر دیا۔ احتساب عدالت لاہور نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں 60 ملین کرپشن کیس کے تین ملزمان نوید مراد، شوکت بلوچ اور اعجاز احمد کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 اکتوبر تک توسیع کر دی۔احتساب عدالت لاہور کے جج اسد علی نے گریٹر لاہور المعروف چنار باغ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل کیس کے ملزم طارق شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں7 اکتوبر تک توسیع کرکے آئندہ سماعت پر فردجرم عائد کیے جانے کے حوالے سے بحث رکھ لی۔احتساب عدالت نے ماڈل ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس میں فرحان چیمہ کے شریک ملزم سلیم اشتیاق کی بریت کی درخواست مسترد کرکے گواہوں کو شہادتوں کے لیے طلب کرلیا۔ احتساب عدالت نے کسٹمز کیسز میں نیب کے پراپرٹی قرق کرنے کے خلاف درخواست پر وکلائکو بحث کے لیے تیس ستمبر کو طلب کرلیا۔احتساب عدالت لاہور نے شہریوں کے ساتھ فراڈ کے ملزم محمد ساجد کو گیارہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرکے تفتیشی رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیا۔