اسلام آباد،لاہور،کراچی(نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک،نامہ نگار خصوصی) احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اعظم خان نے ٹھٹھہ واٹرسپلائی ریفرنس کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا،عدالت نے شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری کی جانب سے پھر پیشی سے معذرت پر ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے چودہ ملزمان کو چار اگست کوطلب کرلیااور نیب کو فردجرم کے لیے ویڈیو لنک انتظام کرنے کابھی حکم دیدیا ۔آصف زرداری کے شریک ملزم اشفاق لغاری کو اشتہاری قراردے کر مقدمہ الگ کردیا گیا۔احتساب عدالت لاہور کے ایڈمن جج جواد الحسن نے نیب کو پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس جلد ازجلد دائر کرنے کا حکم دے دیااور ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28جولائی تک توسیع کردی۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس پر سماعت نیب ریکارڈ ہائیکورٹ میں ہونے کے باعث 9 ستمبر تک ملتوی کر دی ۔احتساب عدالت اسلام آباد نے جعلی اکاؤنٹس کیسز کے 25 ارب روپے کے سندھ بنک منی لانڈرنگ ریفرنس میں سابق صدر سندھ بنک بلال شیخ کی بریت کی درخواست پر فیصلہ ستائیس جولائی تک موخر کردیا۔احتساب عدالت کراچی نے ڈاکٹرعاصم و دیگر کے خلاف 462ارب روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس کی سماعت فاضل جج کی رخصت کے باعث10اگست تک ملتوی کردی ۔ احتساب عدالت لاہورنے سرگودھا کے علاقے میں زمین کی خریداری میں کروڑوں روپے کرپشن کے کیس میں ملوث سات ملزمان خالد محمود چڈھا، فیصل شاہ، گل محمد رند وغیرہ کی بریت کی درخواستیں مسترد کرکے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرلیا۔