ملتان ( خبر نگار)تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئر مین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری کو دورہ ملتان میں مایوسی ہوئی کیونکہ صاحبزادہ سید حامد سعیدکاظمی نے این اے 158 میں میرے مقابلے میں الیکشن لڑنے انکار کر دیا ،آنے والے انتخابات میں پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملے گا ،جیت پاکستان تحریک انصا ف کی ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے والد مخدوم سجاد حسین قریشی کی 22ویں برسی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے کہاہے کہ صاحبزادہ حامد سعید کاظمی نے اپنے اور میرے بزرگوں کے تعلقات کی لاج نبھائی ہے حالانکہ آصف زرداری اور مخدوم احمد محمود نے گزشتہ روز ملتان کے دورہ کے دوران زین شاہ محمو د قریشی کامقابلہ اور وسائل مہیا کرنے کی دعوت دی ہے مگر انہوں نے 60سالہ تعلقات نبھاتے ہوئے میرے مقابلے میں الیکشن لڑنے سے انکار کر دیا جس پرمیں انکا شکر گزار ہوں، عمران خان سے سید حامد سعید کاظمی کے انکار اور این اے 175سے انتخابات لڑانے کے حوالے سے بات کروں گا۔