اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی،لیڈی رپورٹر، نیوز ایجنسیاں)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت منظور کر لی اور انہیں رہا کرنے کا حکم دیدیا، فریال تالپور کی درخواست ضمانت پر سماعت نیب کی جانب سے جواب دائر کرنے کیلئے مزید وقت طلب کرنے پر 16دسمبر تک ملتوی کردی گئی ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اﷲ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ایک ، ایک کروڑ روپے کے دو مچلکوں کے عوض سابق صدرکی میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیسزمیں درخواست ضمانت منظور کی۔ دوران سماعت بلاول بھٹو ، آصفہ بھٹو اور دیگر پی پی پی رہنما کمرہ عدالت میں موجود تھے ۔سابق صدر کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پڑھ کر سنائی گئی۔ عدالت نے نیب حکام سے استفسار کیا کہ کیا آپ آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر دائر درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہیں۔ ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب جہانزیب بھروانہ نے کہا اس حوالے سے کچھ اصول ہیں، نیب تحقیقات کر رہا ہے اور ہم نے ریفرنسز بھی دائر کر دیئے ہیں ۔ عدالت نے کہا ریفرنسز دائر کر دیئے تو پھر ملزم کی حراست کیوں درکار ہے ،آصف زرداری کے خلاف کیسز انڈرٹرائل ہیں اور ٹرائل مکمل ہونے میں وقت لگ سکتا ہے اس لئے ملزم کو زیادہ دیر تک جیل میں نہیں رکھا جاسکتا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے پانچ صفحات کے تفصیلی فیصلے میں کہاآصف زرداری سزا یافتہ نہیں اس لئے جرم ثابت ہونے تک بے گناہ تصور ہونگے ، میڈیکل بورڈ کی رائے کی روشنی میں طبی بنیادوں پر ضمانت سے انکار بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہو گی،قید کے دوران علاج کے اخراجات سرکاری خزانے سے ہونے کے باعث ضمانت عوامی مفاد میں ہے ، ضمانت کے بعد ملزم کواپنے خرچ پر مرضی کا علاج کرانے کی اجازت ہو گی، موجودہ حالات اور حقائق کی روشنی میں ضمانت سے انکار درخواست گزار کو سزا دینے کے مترادف ہو گا، نیب آرڈی نینس کے تحت جاری کارروائی کے باعث آصف زرداری کو آئین کے تحت حاصل حقوق معطل نہیں ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا مخالفین سن لیں،آصف زرداری باہر آرہے ہیں، وہ شکاری ہیں اور اب کھلاڑی کے شکار کیلئے نکلیں گے ، ضمانت پرجج صاحبان کے شکرگزار ہیں،والد کو عدالت سے انصاف ملا ،حکومت اور نیب نے گٹھ جوڑ کرکے انکی زندگی کو داؤ پرلگانے کی کوشش کی،نیب ہمیں روکنا اور دبانا چاہتا ہے ، نیب اور حکومت سمجھتی ہے ہم ایسے ہتھکنڈوں سے دبائو میں آئیں گے تو یہ ان کی بھول ہے ، نئی میڈیکل رپورٹ سے ظاہر ہے ان کی طبیعت نہایت ناساز ہے ، انہیں جلد طبی سہولیات فراہم کی جائینگی،ضمانت لاکھوں کارکنوں ،عوام کی دعاؤں سے ہوئی ، فریال تالپور کے معاملے میں نیب مطلوبہ کاغذات نہیں لائی،حکومت نے سیاست اور معیشت کو تباہ کردیا،عوام کی خواہش ہے اس لئے نااہل اور سلیکٹڈ حکومت کو جانا پڑے گا،یہ سال حکومت کا آخری سال ہے ، اگلے سال ہم عوام دوست حکومت بنا کر عوامی مسائل حل کرینگے ۔سابق صدر کی صاحبزادیوں بختاور بھٹو اور آصفہ بھٹو نے عدالت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا غیرسیاسی مقدمات میں گرفتاری جرم ثابت ہونے یا ٹرائل کے بعد ہوتی ہے ،والد کو بغیر ثبوت گرفتار کیاگیا، یقین ہے جعلی مقدمات میں بھی ہمیں کامیابی ملے گی، والد کی بہادری پر فخر ہے ۔آصف زر داری کی ضمانت کی خوشی میں ڈپٹی چیئر مین سینٹ سلیم مانڈوی والا کے دفتر میں مٹھائی تقسیم کی گئی،راجہ پرویز اشرف اور دیگر رہنمائوں نے بھی مٹائی تقسیم کی۔