کراچی،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں ) سابق صدر آصف زرداری کی طبعیت بدستور ناساز ہے اور دل کی تکلیف کے باعث انہیں بولنے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ہسپتال ذرائع کے مطابق آصف زرداری کو چلنے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کی گئی آصف زرداری کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق انہیں فوری طورپر انجیو پلاسٹی کرانا ہوگی ۔ ذرائع نے بتایامیڈیکل رپورٹ میں فوری کارڈیک سرجری کی سفارش کی گئی ہے ۔وہ ذیابیطس کا شکار اور کمر میں شدید درد ہے ، ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف کے باعث سرجری کی ضرورت ہے ، جسم کے دائیں جانب رعشہ ہے ۔ آصف زرداری کو مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کرنے کی تیاری شروع کردی گئیں،فریال تالپورنے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے پروڈکشن آرڈر پرکراچی پہنچ کرنجی ہسپتال میں علاج کے انتظامات کا جائزہ لیااورپارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی ۔ آصف زرداری کے بلاول ہاؤس کے قریب دونجی ہسپتالوں میں علاج کیلئے انتظامات کرلئے گئے ، اس سلسلے میں ڈاکٹرعاصم حسین سرگرم ہیں ،سابق صدرکے ذاتی معالجین سے بھی مشاورت کی گئی ۔