کراچی(صباح نیوز) بینظیر بھٹو شہید کے بھائی مرتضیٰ بھٹو کی صاحبزادی فاطمہ بھٹو بھی سابق صدر آصف علی زرداری کی گرفتاری پر میدان میں آ گئیں اور سوشل میڈیا پر دل کو تڑپا دینے والا پیغام جاری کر دیاہے ۔ فاطمہ بھٹو نے کہا کہ ایک بیٹی کے طور پر آصف زرداری کی گرفتاری میرے لیے کوئی معنی نہیں رکھتی ، یہ میرے پیارے ابو جان کو واپس نہیں لا سکتی ، جنہیں میں نے اپنے سامنے مرتے ہوئے دیکھا تھا۔فاطمہ بھٹونے ایک اور پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ بطور بیٹی ، میں صرف خدا کے انصاف کا ہی انتظار کر سکتی ہوں کہ کوئی بھی اس درد اور تشدد سے نہ گزرے جو کہ میرے والد مرتضیٰ بھٹو ،ان کے چھ ساتھیوں اور ان کے اہل خانہ کو اس وقت برداشت کرنا پڑا تھا جب انہیں 23 سال پہلے قتل کیا گیا تھا۔فاطمہ بھٹو نے کہاکہ اگر ریاست ہمیں یقین دلانا چاہتی ہے کہ کرپشن کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرنے میں سنجیدہ ہے تواس بات کاجواب دے کہ اس نے پہلے این آراو کیوں دیاتھا۔