کراچی،اسلام آباد،لاہور ( سٹاف رپورٹر ،نامہ نگار، 92 نیوزرپورٹ،نیوز ایجنسیاں)احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اعظم خان نے پارک لین ریفرنس میں نامزد سابق صدر آصف زرداری سمیت دیگرملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 14 جولائی تاریخ مقرر کردی۔سابق صدر کے وکیل فاروق نائیک نے فرد جرم عائد نہ کرنے کی درخواست دائرکر دی جس کی وجہ سے فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر فرد جرم کی کارروائی کیخلاف درخواست پر نیب سے جواب طلب کر لیا۔پیر کو ویڈیو لنک سماعت کے دوران آصف زرداری بلاول ہاؤس ،وکیل فاروق نائیک اسلام آباد سے ، انور مجید این آئی سی وی ڈی سے اورتین ملزمان احتساب عدالت کراچی میں پیش ہوئے ۔92 نیوزرپورٹ کے مطابق دوران سماعت ویڈیو لنک پر جج چارج شیٹ پڑھ کر سنانے ہی والے تھے کہ سابق صدر کے وکیل فاروق نائیک نے کہا یہ فرد جرم عائد ہو ہی نہیں سکتی، معاملہ قرض واپس نہ کرنے کا تھا تو نوٹس گورنر سٹیٹ بنک نے بھیجنا تھا ، زرداری کو کوئی نوٹس نہیں بھیجا گیا،نیب کا تو یہ کیس بنتا ہی نہیں ،انہوں نے ساتھ ہی فرد جرم روکنے کی تحریری درخواست بھی دے دی۔جج نے کہاآپ عین اس دن درخواست دائر کر رہے ہیں جب سب چیزیں تیار ہیں اور فرد جرم عائد کرنی ہے ،نیب نے بھی فاروق نائیک کے موقف کی مخالفت کی۔ فاروق نائیک کی درخواست پر آج ہی آدھے گھنٹے بعد جواب دیتے ہیں، آج ہی فرد جرم عائد کی جائے ۔فاروق نائیک نے کہا اس کے لیے پڑھنا پڑتا ہے ، چیزیں نکالنی پڑتی ہیں، ہم مہینہ نہیں مانگ رہے ، مناسب وقت دیں، آئندہ منگل کو سماعت رکھ لیں،عدالت نے کیس ایک دو دن تک ملتوی کرنے کا کہا تو فاروق نائیک اس پر بھی نہ مانے ، قسم اٹھا کر کہا دو دن سپریم کورٹ ہوں گا۔دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر اور فاروق نائیک میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔میڈیا سے گفتگو میں فاروق نائیک نے کہا آصف زرداری 2005 سے پارک لین کمپنی کے ڈائریکٹر نہیں۔احتساب عدالت کراچی نے پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس میں نامزد سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی،سابق سیکرٹری پیٹرولیم و دیگرپر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 5 اگست تاریخ مقرر کردی ، پیر کولیگی رہنما اور دیگرملزم عدالت میں پیش ہوئے ،استغاثہ کی جانب سے شاہد خاقان عباسی و دیگر کو ریفرنس کی نقول فراہم کی گئیں۔احتساب عدالت لاہور نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین آصف ہاشمی کے خلاف بھرتیوں کے کیس کی سماعت 12 اگست تک ملتوی کر دی،آصف ہاشمی کی حاضری معافی درخواست منظور کرلی گئی۔