لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان اور ڈائریکٹر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان نے لاہور چیلنج کپ ون ڈے کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کے میچ کا جائزہ لیا ۔ وسیم خان نے کہا کہ ایسوسی ایشنز کلب کرکٹ چلائیں گی جبکہ پی سی بی پورے شیڈول کے ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ شروع کرنے والا دنیا کا پہلا بورڈ ہے ۔ چیف ایگزیکٹیو پی سی بی وسیم خان اور ڈائریکٹرنیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر ندیم خان نے اوٹی سی لاہور چیلنج کپ ون ڈے کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے کے آخری میچ کا دورہ کیا ۔اس موقع پر شاہ فیصل گراونڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے گراس کرکٹ کے فروغ کے لئے اقدامات کرنے پر چیئرمین او ٹی سی ملک سجاد اکبر کا شکر یہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشنز کلب کرکٹ پر بھی توجہ دیں گی۔دورہ زمبابوے اور نیوزی لینڈ کے بعد جنوری میں جنوبی افریقن ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ وسیم خان نے کہا پی ایس ایل کے بقیہ میچزز کے بعد زمبابوے کی میزبانی کریں گے جس کے بعد قومی ٹیم نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہوگی، شاہین بھی دورے پر دو چار روزہ اور پانچ ٹی ٹونٹی میچزز کھیلیں گے ۔ محمد عرفان جونیئر کے کرکٹ چھوڑنے پر ڈائریکٹر ہائی پرفامنس نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کارکردگی تسلی بخش نہیں تھی جس بنا پر سیکنڈ الیون میں شامل کرنے پر مایوس ہوگئے۔ وسیم خان اور ندیم خان نے کہا کہ ڈومیسٹک سٹرکچر کو نئے قوانین کی روشنی میں چلایا جائے گا۔وسیم خان نے میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کھلاڑی احمد عبداللہ صفی کو خصوصی شرٹ انعام کے طور پر دی۔