نیویارک(این این آئی )زمین کے گرد موجود اوزون کی تہہ میں بہتری آنا شروع ہو گئی، اوزون کی تہہ ماحولیاتی آلودگی اور عالمی درجہ حرارت میں اضافے کے باعث پریشان کن حد تک کمزور ہو گئی تھی۔میڈیارپورٹس کے مطابق سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ اوزون کی تہہ میں بہتری ماحولیات کو محفوظ بنانے کی کوششوں میں اپنی نوعیت کی پہلی اور نادر کامیابی ہے ۔اوزون کی تہہ مسلسل بحال ہو رہی ہے اور اس کے 100فیصد ٹھیک ہونے کا قوی امکان ہے ۔ایک نامور سائنسی مطالعے میں کہا گیا ہے کہ اوزون میں بہتری اس بات کی عکاس ہے کہ مربوط عالمی ایکشن سے ماحولیاتی تباہی کا عمل الٹایا جا سکتا ہے ۔اوزون ایسی تہہ ہے جو سورج کی مقناطیسی تابکاری سے زمین کو محفوظ بناتی ہے ، اوزون کے بغیر زمین پر کوئی بھی جاندار زندہ نہیں رہ سکتا۔