کراچی ( سٹاف رپورٹر ) سندھ ہائیکورٹ نے ملیر میں بحریہ فاؤنڈیشن کو غیر قانونی زمین الاٹ کیس میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی۔ عدالت عالیہ نے سابق وزیراعلیٰ کو 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ عدالت نے قائم علی شاہ کو 28 جنوری کو دوبارہ طلب کر لیا ہے اور نیب حکام کو بھی نوٹس جاری کئے ہیں۔سماعت کے موقع پر عدالت نے استفسار کیا کہ اس کیس میں کوئی اور درخواست بھی ہے ، قائم علی شاہ کے وکیل ضمیر گھمورو نے بتایا کہ اس کیس میں پہلے ہی ایک ملزم احمد بخش ناریجو ضمانت پر ہے ، قائم علی شاہ اور دیگر ملزموں کے خلاف انکوائری جاری ہے ۔انہوں نے مزید کہا نیب انکوائری پر اعتراض نہیں، گرفتاری سے روکا جائے ، نیب سے انکوائری میں تعاون کریں گے ۔ نیب نے انکوائری کے سلسلے میں قائم علی شاہ کو کال اپ نوٹس جاری کیا تھا۔