مکرمی! سندھ میں گزشتہ 14 برسوں سے پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، لیکن افسوس کہ صوبے میں امن امان کی صورتحال سوالیہ نشان ہے۔ تنگوانی شہر سے لاپتہ ہونے والے تین سالہ معصوم بچہ جنید احمد بکہرانی یکمجولائی کو دن دھاڑے مدرسہ محلہ تنگوانی سے اپنے گھر کے دروازے سے نامعلوم ڈاکو اٹھا کر لے گئے۔ جس کی ورثہ کو تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا اور نہ ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بچے کو بازیاب کرانے میں کامیاب ہو سکے ہیں۔ ہمارے ادارے معصوم بچے کو واپس کرانے میں عدم دلچسپی رکھتے ہیں یا وہ جرائم پیشہ عناصر اور ڈاکوں سے ملے ہوئے ہیں؟ افسوس تو اس بات پر بھی ہے کہ ہمارے ضلع کشمور میں جرائم کم ہونے کے بجائے ڈکیتی، اغوا برائے تاوان، غیرت کے نام پر قتل و غارت اور دوسرے سنگین نوعیت کے وارداتوں میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ (نور خان بکہرانی، تنگوانی)