کراچی (کلچرل رپورٹر) معروف گلوکارہ فرحت خان، تصور حسین اور کامران جعفری نے محرم الحرام کے حوالے سے البم ریکارڈ کروالی، نئے البم میں تینوں گلوکاروں نے اپنے سولو نوحے اور مرثیے سمیت مشترکہ طور پر بھی درود و سلام پڑھے ہیں ۔ نمائندہ 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے گلوکارہ فرحت خان کا کہنا تھا کہ نوحے ، مرثیے اور درود و سلام پڑھنے سے دلی سکون ملتا ہے اور یہ میں صرف اپنے سکون کے لئے کرتی ہوں ہر سال کچھ نہ کچھ نیا کرنے کی کوشش کرتی ہوں اس سال بھی کچھ نئے مرثیے اور نوحے شاعروں سے لکھوائے ہیں اور کچھ پرانے نوحوں اور مرثیوں کو نئے انداز میں پیش کیا ۔ انکا کہنا تھا کہ آڈیو کے ساتھ ویڈیوز کی بھی ریکارڈنگ مکمل ہوگئی ہے جس کو عاشورہ سے قبل ہی ریلیز کر دیا جائے گا۔ انکا کہنا تھا کہ محرم الحرام کامہینہ ہمیں قربانی کادرس دیتاہے ، ہمیں شہداء کربلا سے ملنے والے سبق کے مطابق زندگی گزارنے کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہاکہ آج ہم ایک دوسرے سے برتری حاصل کرنے کے لے ے سینئر جونیئر کا کوئی خیال نہیں رکھتے اپنی مرضی سے ہر کام کررہے ہوتے ہیں جس کی وجہ سے ہم آگے کی جانب بڑھنے کے بجائے پیچھے جاتے جارہے ہیں ۔گلوکار کامران جعفری کا کہنا تھا کہ اس سال نئے البم پر بہت پہلے سے کام شروع کر رکھا تھا جو کہ اب مکمل ہوا ہے ، فرحت خان ، تصور حسین اور میں نے مشترکہ طور پر اس البم پر بہت محنت کی ہے اور اس محنت میں روحانی عشق اور پیار شامل ہے ۔ تصور حسین کا کہنا تھا کہ زیادہ تر میں مرثیے اور نوحے انفرادی طور پر پڑھتا ہوں لیکن اس بار کامران جعفری اور فرحت خان کے ساتھ مشترکہ اور کچھ انفرادی مرثیے اور نوحے ریکارڈ کروائے ہیں ۔