لاہور(92نیوزرپورٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے صوبے کے عوام کیلئے ہر شعبے میں آسانیاں پیدا کررہے ہیں ۔عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا ہی حقیقی انقلاب ہے ۔ صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے جامع پالیسی بنائی گئی ہے ۔سیاحت کے عالمی دن پر ٹورازم پنجاب ایپ کاافتتاح کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر ٹورازم پنجاب ایپ کا آغاز کیا اور ڈی ٹی ایس سسٹم کی ایپ کا بھی افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ 511سیاحتی مقامات کے بارے میں تمام معلومات پنجاب ٹور ازم ایپ کے ذریعے مہیا کی گئی ہیں ۔ ایپ کے ذریعے شہری سیاحت سے متعلقہ معلومات اور خدمات آن لائن حاصل کر سکیں گے ۔ ایپ کے ذریعے سیاحتی مقام کا روٹ بھی معلوم ہوسکے گا۔شہری ٹی ڈی سی پی کے ہوٹلوں کی بکنگ بھی آن لائن کرائی جا سکے گی۔شہری گوگل پلے سٹور پر جا کر موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ڈی ٹی ایس سسٹم ایپ ٹورسٹ آپریٹرز کے لئے متعارف کرائی گئی ہے ۔ ٹورسٹ آپریٹر ز اب آن لائن رجسٹریشن کرا سکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کو سیاحت کا بہترین مرکز بنائیں گے ۔پنجاب میں سیاحت کا بہت پوٹینشل ہے ۔علاوہ ازیں محکمہ سیاحت پنجاب کے زیر اہتمام شالامارباغ میں عالمی یوم سیاحت کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں وزیر اعلیٰ مہمان خصوصی تھے ۔وزیر اعلیٰ نے شالامارباغ کے تاریخی ورثے کے تحفظ کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہا اور شالا مارباغ کے مختلف حصے دیکھے ۔وزیر اعلیٰ نے ہیرٹیج مقابلے میں بہترین تصویروں پر فوٹو گرافرز میں انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے ۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے وزیراعلیٰ کو پنجاب کی روایتی پگ پہنائی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس بھی ہواجس میں سیاحت کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر صوبائی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے صوبائی وزراء کی سربراہی میں خصوصی کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں ۔خصوصی کمیٹیاں پالیسی، بجٹ،اہداف،اقدامات اورکارکردگی سے متعلق امور کا جائزہ لیں گی۔کمیٹیاں متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو مزیدبہتر بنانے اور بہترین سروس ڈلیوری کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیں گی۔پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ نے کمیٹیوں کی تشکیل سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردئیے ہیں ۔سینئر صوبائی وزیر کی سربراہی میں کمیٹی 5 محکموں کی کارکردگی کاجائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے نے کراچی حیدرآباد موٹر وے پر نوری آباد کے قریب ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیا ع پر افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین کیلئے صبرجمیل کی دعاکی۔