کیلی فورنیا ( نیٹ نیوز) فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کا شمار دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں پانچواں ہے ، لیکن ان کی ماہانہ تنخواہ ایک ڈالر سے بھی کم ہے ، مارک زکربرگ فیس بک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی حیثیت سے سالانہ ایک ڈالر تنخواہ وصول کرتے ہیں، انہیں کوئی بونس، ایوارڈ، انسینٹو یا زر تلافی بھی ادا نہیں کیا جاتا۔ لیکن ان کی حفاظت پر خرچ کی جانے والی رقم پاکستانی کرنسی میں اربوں روپے ہے ، فیس بک کے سب سے اہم اثاثے ’ مارک زکر برگ‘ اور ان کے خاندان کی حفاظت پر سالانہ کروڑوں ڈالرخرچ کے جاتے ہیں۔ امریکہ کے سیکیوریٹز اینڈ ایکسچینج کمیشن میں فیس بک کی جانب سے جمع کرائے بیان کے مطابق گزشتہ سال (2020) فیس بک بانی کی حفاظت پر23 ملین ڈالر( پاکستانی ساڑھے تین ارب روپے سے زائد) خرچ کیے گئے ۔ بیان کے مطابق فیس بک کے سالانہ سکیورٹی ریویو میں مارک زکر برگ کو لاحق خطرات کی نشان دہی کی گئی تھی۔2020 میں مارک زکر برگ کی بنیادی سیکورٹی کے اخراجات 13 اعشاریہ4 ملین ڈالر تک پہنچ گئے تھے ، 2019 میں یہ رقم 10اعشاریہ40 ملین ڈالر تھی۔