کراچی(رپورٹ : وقاص باقر)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ،سابق صدر آصف علی زرداری کو بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کرن کے لیے کراچی منتقل کیے جانے کا امکان ہے ۔ کراچی میں امراض قلب کے قومی ادارے اور معروف نجی اسپتال میں زرداری کی ممکنہ منتقلی کے تناظر میں انتظامات کیے جارہے ہیں۔پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کے علاوہ آصف زرداری کے وکلا بھی نجی میڈیکل بورڈ بنانے کا مطالبہ کرچکے ہیں آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے خلاف زیر سماعت کیس کی سماعت بھی آئندہ ہفتے ہوگی اور سندھ کابینہ میں شامل کئی وزرا اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد جائیں گے اور زرداری کو علاج وضمانت کے سلسلے میں قائل کرنے کی کوشش کریں گے ۔ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے بھی تصدیق کی کہ آصف علی زرداری کو ان کی درخواست پر علاج کیلئے کراچی منتقل کیاجاسکتا ہے ۔ زرداری کو ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف کا دائمی عارضہ لاحق ہے جبکہ بلندفشار خون،امراض قلب،سمیت ذیابیطس کی بھی شکایت ہیں۔ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور ان کی بہن فریال تالپور کے خلاف دائر کیس پر سماعت بارہ اکتوبر کو ہوگی۔ پیپلزپارٹی کے رہنماوں کا خیال ہے کہ وہ پیشی کے دوران ملاقات میں آصف علی زرداری کو قائل کرنے کی کوشش کرینگے کہ وہ بہتر علاج کے لیے درخواست ضمانت دائر کرنے دیں اور علاج کے سلسلے میں درخواست دیں تاکہ انہیں ذاتی معالجین کے زیر نگرانی علاج کی بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔