لاہور(جنرل رپورٹر) خاتون کی جانب سے دور ان آپریشن زیادتی کا الزام لگائے جانے کیخلاف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے زیر انتظام سروسز ہسپتال کے باہر جیل روڈ پر احتجاج کیا گیا، ینگ ڈاکٹرز سروسز ہسپتال کے آڈیٹوریم سے ریلی کی صورت میں نعرے لگاتے ہوئے جیل روڈ پر پہنچے اور جیل روڈ پر دھرنا دے دیا، احتجاج میں ینگ ڈاکٹرز، پیرا میڈکس اور نرسز کی کثیر تعداد موجود تھی، ینگ ڈاکٹرز نے کہا خاتون نے ڈاکٹرز کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کرائی ، پولیس نے بغیر ایم ایل سی اور ہیلتھ کئیر کمیشن کی مداخلت کے بغیر ایف آئی آر کا اندراج انتہائی غیر ذمہ دارانہ تھا، پولیس اور مدعی خاتون کے گٹھ جوڑ اور بلیک میلنگ کی وجہ سے ڈاکٹرز کی ساکھ متاثر ہوئی ، ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے بھی بے حسی کا مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے مطالبہ کیا ڈاکٹرز کیخلاف تھانہ شادمان میں درج جھوٹی ایف آئی آر کو ختم کرایا جائے ، پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے کہا کہ ڈاکٹرز کے خلاف بے بنیاد ایف آئی آر درج کی گئی جسے خارج کیا جائے ، ایف آئی آر درج کرنے والے پولیس افسروں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے ، انکوئری رپورٹ اور ابتدائی فرانزک رپورٹ میں زیادتی کے کوئی شواہد نہیں ملے ، دھرنے کے باعث شدید ٹریفک جام رہا اور شہریوں کو مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑا۔