سنجاوی،کوئٹہ(نامہ نگار،اے پی پی ، صباح نیوز،نیٹ نیوز) زیارت میں لیویزچیک پوسٹ پردہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 6 اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی ہوگئے ،شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ اجتماعی طور پر ادا کردی گئی،ڈی سی قادر بخش پرکانی نے بتایا واقعہ سنجاوی کی لعل کٹائی چیک پوسٹ پر پیش آیا، حملے کے نتیجے میں چوکی پر موجود تمام لیویز اہلکار شہید ہو گئے جبکہ ملزم فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے ،شہید اہلکاروں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کے گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی،شہید اہلکاروں میں آفتاب الدین، سپاہی عبدالحکیم، سپاہی فقیر محمد، سپاہی محمد عثمان، سپاہی عبدالشکور اور سپاہی داد محمد شامل ہیں،وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے لیویز اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی کے لیے جام شہادت نوش کیا،انہوں نے شہدا کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورس بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں ، دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے ، جام کمال نے صوبائی محکمہ داخلہ اور ضلعی انتظامیہ سے سنجاوی واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔