کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو زبردست اتار چڑھاوٗ کا سلسلہ جاری رہا لیکن مجموعی طور پر مندی کا رجحان غالب آگیا اور کے ایس ای100انڈیکس40ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 335.49پوائنٹس کی کمی سے 39788.73 پوائنٹس کی سطح پر گیا جب کہ58.41فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس کے سبب سرمایہ کاروں کو 45ارب روپے 85کروڑ48لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ اور کاروباری حجم بھی پیر کی نسبت19.46فیصد کم رہا۔گزشتہ روز کاروباری کا آغاز مثبت زون میں ہوا جس کے سبب ٹریڈنگ کے ابتدائی اورقات میں کے ایس ای100انڈیکس 40444 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں منافع کے حصول کی عرض سے سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کا دباؤ بڑھ گیا جس کے نتیجے میں تیزی کا تلسل ٹوٹ گیا اور مارکیٹ منفی زون میں داخل ہوئی یہاں تک کہ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 40ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 39725پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا بعد میں معمولی ریکوری بھی آئی لیکن مندی کے اثرات ختم نہ ہوسکے اورمارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس 335.49پوائنٹس کی کمی سے 39788.73پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 183.66 پوائنٹس کی کمی سے 18204.21پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 152.72پوائنٹس کی کمی سے 28118.73پوائنٹس ہو گیا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر 392 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 154کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،229میں کمی اور9کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔