لاس اینجلس(نیٹ نیوز)تاریخ میں پہلی بار جیمز بانڈ میں خاتون جاسوس بنے گی ،معروف زمانہ جاسوس ہالی وڈ فلم سیریز جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم کو یوں تو آئندہ برس ریلیز کیا جائے گا جس میں برطانوی اداکار ڈینیئل کریگ آخری بار جاسوس کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے ۔جیمز بانڈ کے شائقین کو نئے ایجنٹ کی فکر ہونے لگی اور خیال کیا جانے لگا کہ ممکنہ طور پر ادریس ایلبا ہی نئے جاسوس بنیں گے ۔تاہم اب ادریس ایلبا کی جگہ ایک خاتون کا نام سامنے آیا جس سے شائقین کو خوشگوار حیرت ہوئی ہے ۔ برطانوی اخبار’دی گارجین‘ نے اپنی رپورٹ میں ’میل آن سنڈے ‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ فلم کی ٹیم نے تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے جاسوس کا کردار پہلی بار ایک خاتون کو دینے کا فیصلہ کرلیا۔رپورٹ کے مطابق افریقی نژاد برطانوی اداکارہ 31 سالہ لشانا لائنچ ایجنٹ کا کردار ادا کریں گی۔رپورٹ کے مطابق آنے والی جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم میں ڈینیئل کریگ کو جاسوس مشن کے دوران جمیکا میں ریٹائرڈ ہوتے ہوئے دکھایا جائے گا اور ان کی جگہ جاسوس کی ذمہ داریاں لشانا لائنچ کے نئے کردار کو دی جائیں گی۔