کراچی(سٹاف رپورٹر)کراچی سمیت سندھ میں حکومتی اعلان کے باوجود آن لائن کاروبار شروع نہ ہوسکا ۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ حکومتی طریقہ کار پیچیدہ ہونے کی وجہ سے پچانوے فیصد تاجر کاروبار نہیں کرسکیں گے کراچی سمیت سندھ بھر میں صوبائی حکومت کے اعلان کے باوجود آن لائن کاروبار شروع نہیں ہوسکا، حکومت سندھ کی جانب سے کراچی کے تاجروں کو پیر تا جمعرات صبح 9 تا سہہ پہر 3 بجے آن لائن کاروبار کی اجازت دی گئی ۔تاجروں نے شکوہ کیا کہ حکومتی شرائط پوری کرنے کے بعد صبح 9 بجے دکانیں کھولنے کیلئے پہنچے تو انتظامیہ کے اہلکار مزید شرائط لے کر پہنچ گئے ۔دکانیں نہ کھلنے کے سبب لوگ باہر ہی جمع ہوگئے جبکہ صدر کے علاقے میں دکانداروں کے جمع ہونے پر کمشنر کراچی نے انتباہ جاری کیا کہ شرائط پوری کیے بفیر دکانیں کھولنے کی کوشش کی گئی تو دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ادھر سندھ حکومت نے مزید153فیکٹریوں کو کام کرنے کي اجازت دیدی ہے اور ہدایت کی کہ ایس او پیز پر لازمي عملدرآمد کرنا ہوگا ،محکمہ داخلہ سندھ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔