لاہور(جنرل رپورٹر) سروسز ہسپتال میں زیرعلاج سابق وزیراعظم نوازشریف کو پلیٹ لیٹس کی تعداد برقرار رکھنے کیلئے سٹیرائیڈز دینے سے انکی شوگر بڑھ گئی،دانتوں کی فلنگ بھی کی گئی۔میڈیکل بورڈ نے گزشتہ روز بھی میاں نوازشریف کا چیک اپ کیا ۔ان کے پلیٹ لٹس کی تعداد28ہزار سے بڑھ کر 35ہزار ہو گئی ، سٹیرائیڈزدینے سے شوگر بڑھی ہے ، نہارمنہ بلڈ شوگر لیول 200 کے قریب پہنچ چکا ہے ، شوگر کو نارمل رکھنے کیلئے ادویات میں تبدیلی کی گئی ہے ۔ نوازشریف کا بلڈ پریشر نارمل ہے ۔ شوگر نارمل ہونے کے بعد پلیٹ لیٹس گرنے کی تشخیص کیلئے پیٹ سکین ٹیسٹ کرایا جائے گا۔ چیک اپ کے بعد نوازشریف کے خون کے نمونے لیبارٹری بھجوا دئیے گئے ۔میاں نوازشریف کے دانتوں کا چیک اپ بھی کیا گیا۔ وہ خود چل کر او پی ڈی ڈینٹل سیکشن میں گئے ۔ سربراہ میڈیکل بورڈ پروفیسر محمود ایاز اور ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی ان کیساتھ تھے ۔ سینئر ڈینٹل سرجن ڈاکٹر بابر سبزواری نے دانتوں کا معائنہ کیا۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کے دانتوں کی فلنگ مسئلہ کررہی تھی۔ ان کے 2 دانتوں کی فلنگ کر دی گئی۔ نواز شریف کی صبح سویرے ڈینٹل چیک کی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے ۔نواز شریف ہلکے آسمانی رنگ کی شلوار قمیض زیب تن کیے ہوئے تھے ۔دوسری جانب ان ڈور میں بھی ہڑتال کی وجہ سے وی وی آئی پی بلاک میں نوازشریف کے علاج پر مامور ینگ ڈاکٹرز کام چھوڑکر چلے گئے ۔ینگ ڈاکٹرز کے کام چھوڑنے پر میاں نواز شریف کی 24 گھنٹے نگہداشت متاثر ہو نے کے خدشات پید ا ہوگئے ۔ذرائع کا کہنا ہے سروسزہسپتال انتظامیہ نے سینئر ڈاکٹرز کو تین شفٹوں میں تعینات کر دیا ہے ۔نوا ز شریف سے ان کے بھائی شہباز شریف نے ملاقات کی اور ڈاکٹروں سے انکی صحت کے حوالے سے بریفنگ لی۔ سروسز ہسپتال کے باہر لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد 9ویں روز بھی موجود رہی جو نواز شریف کی صحتیابی کیلئے مسلسل دعائیں کر رہے ہیں ۔